پاکستانی اور برطانیہ کی جامعات کے مابین ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں اشتراک ہونا چاہیے، وزیراعظم

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پاکستانی اور برطانیہ کی جامعات کے مابین ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں اشتراک ہونا چاہیے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کی معروف جامعات  کے نمائندگان کے وفد نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت برطانیہ کے انٹرنیشنل ایجوکیشن چیمپئن سر اسٹیو اسمتھ کر رہے تھے ۔

وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہا, وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ  معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ اسکول سے باہر نہ ہو , اس حوالے سے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ ہم نے صوبہ پنجاب میں ایجوکیشن اینڈو مینٹ فنڈ قائم کیا تھا. اسی قسم کے اقدامات وفاق میں بھی اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لئے حکومت ہنگامی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آر ہی ہے ۔ وزیراعظم نے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں برطانوی تعاون کو سراہتے ہوئے  کہا کہ ہم برطانیہ کے ساتھ تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ پاکستانی اور برطانیہ کی جامعات کے مابین ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں اشتراک ہونا چائیے ۔برطانیہ پاکستانی اساتذہ کی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے مدد گار ثابت ہو سکتا ہے، پاکستان برطانیہ کی ایجوکیشن سیکٹر کی استعداد سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستانی اور برطانوی جامعات ریسیپروکل بنیادوں پر ڈگری پروگرامز شروع کر چکی ہیں۔ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور اس کا معیار بہتر بنانے کے لئے برطانیہ کے ایجوکیشن سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ جدید تعلیم بالخصوص سائنس اور ٹیکنالوجی کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت ہے ۔ 

 وفد نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اشتراک اور تعاون کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کی جانب سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ ایجوکیشن گیٹ وے پاکستان کا دائرہ کار مزید پھیلایا جا رہا ہے جس سے دونوں ممالک میں تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے میں مدد  ملے گی۔

وفد نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر وزیراعظم اور حکومتی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم,  وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، پاکستان میں برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن, چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے ۔