"تبدیلی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، ایسی تبدیلی سے اللہ بچائے"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارا دامن صاف ہے ،ان شاءاللہ سرخرو ہونگے۔

احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو طلب کر رکھا تھا، حمزہ شہباز  آج جج سیدنجم الحسن بخاری کے روبرو پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہو سکے، انکے وکلاء نے شہباز شریف کی بیماری اور بیرون ملک ہونے کی وجہ سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی۔

عدالت نے وکلاء سے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف ملک سے باہر چلے گئے ہیں؟ جس پر وکیل امجد پرویز نے بتایا وہ ملک سے باہر ہیں، عدالت نے کہا کہ کیا انہیں بغیر اجازت ملک سے باہر جانا چاہیئے تھا، جس پر وکیل نے متعدد قوانین کا حوالہ دیا۔

عدالت نے مزید کہا کہ ملزم کو پیش ہو کر حاضری معافی کی درخواست دینی چاہیئے یا باہر جا کر؟ جس پر وکیل نے کہاکہ قوانین کے مطابق کسی بھی ملزم کو باہر جانے کیلئے عدالت کی اجازت کی ضرورت نہیں، وکیل نے استدعاکی کہ 8 مئی تک شہباز شریف نے چیک اپ کروانا ہے، 3 ہفتوں کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس میں 2 اور آشیانہ سکینڈل میں ایک گواہ کا بیان قلمبند ہوا، احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی ۔

 احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی تبدیلی سرکار پر حمزہ شہباز نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تبدیلی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، ایسی تبدیلی سے اللہ بچائے، وزیر تبدیل کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، حکومت سے معاملات کنٹرول نہیں ہورہے۔

Sughra Afzal

Content Writer