"نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، حکمران اپنی حماقتوں سے خانہ جنگی کرانے پر تلے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی عیادت کیلئے سروسز ہسپتال پہنچ گئے، شہبازشریف نے بڑے بھائی کو خون کا عطیہ دینے کیلئےبلڈ سیمپل بھی دیدیا۔

شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس تیزی سےکم ہونا بہت تشویشناک ہے اور اسکی باقاعدہ انکوائری ہونی چاہیئے، اللہ تعالی کا کرم ہے کہ ان کے ناک منہ سے کوئی بلیڈنگ نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے حق کے لئے لڑنے والے قائد کی خاطر ہر خطرے سے ٹکراجائیں گے، عقل سے عاری اور تکبر سے بھرے حکمران اپنی حماقتوں سے ملک میں خانہ جنگی کرانے پر تلے ہیں۔

گزشتہ روز شہباز شریف نے  اپنے ایک بیان میں کہا  تھا کہ  حکومت کے اقدامات واضح ثبوت ہیں کہ نوازشریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، عاقبت نااندیش حکمران قومی وجود پر لگنے والے زخموں میں اضافے کی حماقت پر اترے ہیں۔

دوسری جانب کیپٹن(ر)صفدر کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ نوازشریف کی جان سے کھیلا جارہا ہے،  خدانخواستہ کچھ ہوا تو عمران نیازی کو قاتل ٹھہرائیں گے، ایف آئی آر درج کرائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب سابق وزیر اعظم نواز شریف کو طبعیت خراب ہونے پر نیب ہیڈکوارٹرزسے سروسزہسپتال منتقل کردیاگیا،  جہاں ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ، ان کے دل ،جگرسمیت مختلف ٹیسٹ  بھی کرائے گئے، نواز شریف کی لیب رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے پلیٹ لیٹس 16 ہزار سے کم ہو کر 10 ہزار رہ گئے۔

Sughra Afzal

Content Writer