ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

26 سے 31 مئی تک ملک بھر میں متوقع موسمی صورتحال، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

26 سے 31 مئی تک ملک بھر میں متوقع موسمی صورتحال، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : این ڈی ایم اے نے 26 سے 31 مئی تک ملک بھر میں متوقع موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔ 

شمالی علاقہ جات میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور تیزی سے پگھلتے گلشئیرز کے باعث خطرات میں اضافہ متوقع ہے۔ شمالی علاقہ جات میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اورندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ بارش، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ موجود ہے۔ 

خیبرپختونخوا میں 26 سے 31مئی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ چترال، دیر، منگورہ، ہنگو، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور پاراچنار میں بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان میں 26 سے 31 مئی کے دوران گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی اور بھمبر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اورچند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 28سے 31 مئی کو گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے ۔ 

راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ،ساہیوال، اوکاڑہ، فیصل آباد، قصور، بہالپور بہاولنگر اور ملتان میں بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان میں 30 سے 31 مئی کے دوران کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، خضدار اور تربت میں بارش متوقع، چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ سندھ میں 30اور31مئی کوٹھٹہ، بدین،مٹھی، حیدرآباد اور کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 

ممکنہ بارش اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اورآزاد کشمیرکے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔ ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔  شمشال ویلی، عطاآباد جھیل، کریم آباد، گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکیں حساس قرار دی گئی ہیں۔اس کے علاوہ شگر ویلی روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ ہے۔ ممکنہ طور پر متاثر ہ شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ،سکردو روڈشامل ہیں، کالام، اوشو، کندول، ارنگ کیل، داسو، پٹن اور چترال ویلی کے پہاڑی مقامات پر سفر ی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ 

شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت میں اضافے اور بارش کے باعث گلیشئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ تیز ی سے پگھلتے گلیشئرز کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ درکوٹ، لاشت، اشکومن، پنڈورو، ریشن، بونی، بدسوات، شسپر، گلکن، ہنارچی، روشن اور کمراٹ کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ ہنزہ، غزر، دیامیر، استور، گھانچے، شگر، کھرمنگ، وادی نیلم، باغ،سدھنوتی چترال، دیر، سوات اور کوہستان کے علاقوں میں بھی سیلاب صورتحال کا خدشہ ہے۔ 

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔ سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔