ویب ڈیسک : سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس پر سماعت کے لیے 5 رکنی بنچ تشکیل دے دیا چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال بنچ کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ سماعت کرے گا ۔
رپورٹ کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے بھیجے گئے ریفرنس پر سماعت کے لیے بنچ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیا ل کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم میاں خیل، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندو خیل شامل ہیں۔
سپریم کورٹ سے جاری کاز لسٹ کے مطابق صدارتی ریفرنس کی سماعت 24 مارچ کو دوپہر ایک بجے ہوگی اور بینچ کی سربراہی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کریں گے۔
5 رکنی لارجر بینچ صدارتی ریفرنس کے علاوہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹنگ کے روز جلسہ کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ بار کی درخواست کی سماعت بھی کرے گا۔
سپریم کورٹ نے اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر، پاکستان پیپلزپارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وکیل مخدوم علی خان اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے وکیل کامران مرتضیٰ کو نوٹسز جاری کردیے۔
اس کے علاوہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد، سیکریٹری داخلہ اور صدر سپریم کورٹ بار کو بھی نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر حکومتی اراکین کی جانب سے وفاداری بدلنے پر ممکنہ نااہلی کے لیے صدر مملکت نے سپریم کورٹ میں آئین کی شق 63 اے کی تشریح کے لیے ریفرنس دائر کردیا تھا، جس میں 4 سوالات اٹھائے گئے ہیں۔