ویب ڈیسک: حکومت بلوچستان نے فیول کنزرویشن اور دیگر اضافی کفایتی اقدامات فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، تاہم کاروباری اوقات کار سے متعلق پہلے سے جاری نوٹیفکیشن بدستور نافذ العمل رہے گا۔
سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 10 مارچ 2026 سے نافذ تمام کفایتی پابندیاں واپس لے لی گئی ہیں، جس کے بعد مختلف شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کو نسبتاً معمول کے مطابق جاری رکھنے کی اجازت ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز اور مارکیز کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ریسٹورنٹس، کیفے اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند کیے جائیں گے، جبکہ پھل، سبزی، کریانہ اور گروسری کی دکانیں بھی اسی وقت تک کھلی رہ سکیں گی۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ فارمیسیز، ہسپتال، لیبارٹریز اور کلینکس پر کسی قسم کی اوقات کار پابندی لاگو نہیں ہوگی۔ اسی طرح بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس بھی ان اوقات کار سے مستثنیٰ رہیں گے۔
مزید برآں پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو بھی مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا، تاکہ توانائی اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
حکومت نے اس فیصلے کے تحت جم، اسپورٹس فیسلٹیز اور پیڈل کورٹس کو بھی پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا ہے، جبکہ آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی معمول کے مطابق آپریشن جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو معمول پر لانے اور معیشت کو سہارا دینے کے لیے مختلف انتظامی اقدامات پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔