(اکمل سومرو) پنجاب یونیورسٹی نے آن لائن امتحانات سے قبل ایک لاکھ سے زائد امیدواروں کا فرضی امتحان لینے کا فیصلہ کرلیا، امیدوار کوڈ حاصل کرنے کے بعد فرضی آن لائن امتحان میں شرکت کر سکتے ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے5اگست 2020سے شروع ہونے والے بی اے /بی ایس سی/ایسو سی ایٹ ڈگری آرٹس اور سائنس پارٹ ٹو کے آن لائن تحریری امتحانات کی ڈیٹ شیٹ اور رول نمبر سلپس جاری کر دی ہیں۔ الحاق شدہ کالجز کے امیدواروں کی رول نمبر سلپس کالجز کے ای میل ایڈریس پر بھجوادی گئی ہیں۔
پرائیویٹ اور لیٹ کالج امیدوار پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے اپنی رول نمبر سلپس حاصل کر سکتے ہیں۔ آن لائن امتحان دینے کے لئے ہر طالبعلم کا اپنا ای میل ایڈریس لازمی ہے۔ پنجاب یونیورسٹی نے ای میل ایڈریس فراہم کرنے والے امیدواروں کے لئے پورٹل اوپن کر دیا ہے جس میں ابھی تک پچاس فیصد سے زائد امیدوار خود کو رجسٹرڈ کروا چکے ہیں۔
آن لائن پورٹل 24جولائی دوپہر 12بجے تک اوپن رہے گا۔تاہم ایسے امیدوار جنہوں نے ای میل ایڈریس پنجاب یونیورسٹی کو مہیا نہیں کئے وہ آن لائن امتحان نہیں دے سکیں گے۔ جو امیدوار 19جولائی تک اپنے ای میل ایڈریس فراہم کر چکے ہیں ان کے لئے مشقی امتحان کاپورٹل اوپن کر دیا گیا ہے تاہم ایسے امیدوار جو ابھی تک اپنے ای میل ایڈریس فراہم کر رہے ہیں انہیں اگلے مرحلے میں کور کیا جائے گا اور ان سے اگلے ہفتے مشقی امتحان لئے جائیں گے۔ مشقی امتحان کیلئے ہر امیدوار 28جولائی شام 4بجے تک ایک بار کوشش کر سکتا ہے۔