رانا ثنااللہ نے شیر والا ماسک پہننے کی وجہ بتادی

رانا ثنااللہ نے شیر والا ماسک پہننے کی وجہ بتادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عمر اسلم: رانا ثنا اللہ شیر والا ماسک پہن کر خواجہ آصف سے اظہار یکجہتی کیلئے احتساب عدالت پہنچ گئے، صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب کہتے ہیں کہ میاں نوازشریف کے شیر ہیں اسی لیے شیر والا ماسک پہنا، کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانی چاہیے۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ شیر والا ماسک پہن کر احتساب عدالت پہنچے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ یہ ماسک خصوصی طور پر تیار کروائے ہیں، میاں نوازشریف کے شیر ہیں لیکن کورونا وائرس کے پیش نظر سب کو احتیاطی تدابیر اپنانی چاہئیں۔انہوں نے گفتگو کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر دیتے ہوئے کہا کہ اس موذی وائرس سے چھٹکارے کیلئے بالخصوص ماسک سب کو پہننا چاہیے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ فارن فنڈنگ کیس پر جسٹس ر عظمت سعید کی سربراہی میں کمیٹی کو تسلیم نہیں کرتے، چور چور کا شور مچانے والا پکڑا جا چکا ہے اور اب یہ کہیں نہیں بھاگ سکتا۔ اس میں اعتراف جرم کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس اس کو سزا دینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ یہ ثابت ہو چکا کہ انڈین اور اسرائیلی لابی کی فرم سے ان کو پیسے ملتے رہیں، پوری قوم حیران تھی کہ ستر سال کےبعد کشمیر کو بھارت نے ہڑپ کر لیا۔ حکمران آٹا چور چینی چور بجلی چور ہیں ان کی حقیقت عوام کے سامنے آچُکی ہے اور الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے فیصلہ دینا ہوگا۔

صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ صدر مسلم لیگ (ن) لاہور کا فیصلہ مارچ سے قبل کر لیا جائے گا۔ لاہور کی صدارت کے حوالے سے نام شارٹ لسٹ کر لئے گئے ہیں۔ لاہور کی پوری تنظیم کا فیصلہ مارچ سے پہلے کر لیا جائے گا، لاہور کی سڑکوں پر کوڑا کرکٹ کا ڈھیر کی وجہ لاہور کے لوگوں کو میاں نوازشریف کو ووٹ دینے کی سزا دی جا رہی ہے۔