سٹی42: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی برطانیہ اور یورپی ممالک کے لیے کارگو پروازوں کی بحالی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ (DFT) کے تحت پی آئی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کے کارگو سیکیورٹی سسٹمز کی کامیاب جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے۔
ڈی ایف ٹی کی جانب سے بھیجی گئی ٹیم جس کی قیادت ویلیڈیٹر اسٹیون اوگاڈا نے کی۔ اُنہوں نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس پر موجود کارگو سیکشنز کا مکمل معائنہ کیا۔ اس آڈٹ کے دوران پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کے حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیون اوگاڈا نے تمام مقامات پر کارگو کی سیکیورٹی اور سیفٹی سسٹمز کو تسلی بخش قرار دیا، جس کے بعد وہ اپنے مشن کی تکمیل کے بعد پاکستان سے روانہ ہو گئے۔ آڈٹ کی ویلیڈیشن رپورٹ جلد برطانوی اور یورپی حکام کو پیش کی جائے گی، جو کہ پی آئی اے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ کامیاب سیکیورٹی آڈٹ کے بعد قومی ایئرلائن کے کارگو آپریشنز کو برطانیہ اور یورپی مقامات کے لیے کلیئرنس ملنے کی قوی امید ہے۔ رپورٹ کے مثبت نتائج سامنے آنے کی صورت میں پی آئی اے نہ صرف کارگو بلکہ مستقبل میں مسافر پروازوں کے لیے بھی اجازت حاصل کر سکتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کچھ برسوں سے پی آئی اے کو برطانیہ اور یورپی ممالک میں سروسز فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے جس کی بڑی وجہ حفاظتی اور ریگولیٹری خدشات تھے تاہم حالیہ اقدامات اور اصلاحات کے بعد ادارہ آہستہ آہستہ بین الاقوامی سطح پر اپنی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔