شاہدسپرا: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو) میں سیفٹی پروٹوکولز کی سنگین خلاف ورزی پر دو ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
ترجمان لیسکو کے مطابق ایل ایم ون محمد عرفان کو سیفٹی قواعد کی خلاف ورزی پر فوری طور پر جبری ریٹائر کر دیا گیا، جبکہ ایل ایم ون محمد یونس کو دو سال کے لیے نچلے عہدے پر تنزلی کی سزا دی گئی ہے۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دونوں ملازمین ٹرانسفارمر پر ’’ پرمٹ ٹو ورک‘‘ اور ضروری ٹی اینڈ پی سامان کے بغیر کام کر رہے تھے.
چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے کہا کہ پرمٹ ٹو ورک جاری نہ ہونے اور سیفٹی ایس او پیز پر عملدرآمد میں غفلت برتنے پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بجلی کے نظام پر کام کرنے والے تمام ملازمین کے لیے ذاتی حفاظتی سامان کا استعمال اور سیفٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد لازمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیسکو میں سیفٹی قوانین پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور مستقبل میں بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔