عرفان ملک: ہربنس پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کے اغوا کے واقعے میں ملوث دو ملزمان علی اور عاطف کو گرفتار کرکے مغویہ کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق لڑکی سکوٹی پر اپنی پھپھو کے گھر جاتے ہوئے لاپتہ ہوئی، جس پر اس کے والد نے تھانہ ہربنس پورہ میں گمشدگی کی درخواست دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کیں اور سکیورٹی کیمروں سمیت دیگر ذرائع کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے راستے میں لڑکی کی سکوٹی چھوڑی اور اسے موٹر سائیکل پر اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس نے ملزمان کا سراغ ملنے پر ایک گھر میں کارروائی کی، جہاں سے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا اور مغویہ کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق لڑکی کے والد کی درخواست پر تھانہ ہربنس پورہ میں مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔