عرفان ملک:سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور منظم گینگز کے خلاف کارروائیوں سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں چوری کی وارداتوں میں ملوث منظم گینگز کی سرکوبی کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ کرائم ہاٹ اسپاٹس کی جیو فینسنگ اور مؤثر نگرانی پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے، کرائم ہاٹ اسپاٹس پر اضافی نفری تعینات کرنے، مؤثر پٹرولنگ اور سادہ لباس میں ڈیکائے آپریشنز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
سی سی پی او لاہور نے موبائل چوری میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مارکیٹس، تقریبات اور پبلک ٹرانسپورٹ میں جیب تراشوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔
اجلاس میں چوری شدہ موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبرز تبدیل کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ برآمد ہونے والے موبائل فونز کی فورنزک بیک ٹریکنگ کے ذریعے پورے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جائے۔
انہوں نے موبائل فونز کی خرید و فروخت کے دوران شناختی دستاویزات اور ضروری ریکارڈ کی مکمل جانچ یقینی بنانے، جبکہ موبائل فونز اور اسپیئر پارٹس کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید، ایس ایس پی آپریشنز عبداللہ احمد اور تمام ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔