ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے لیے 332 نئی تقرریوں کی منظوری دے دی ہے۔
منظوری کے مطابق گریڈ 14 کے 25 ٹرانسپورٹ افسران اور گریڈ 11 کے 25 جونیئر ٹرانسپورٹ افسران بھرتی کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی میں 123 ہیڈ کانسٹیبلز اور 123 کانسٹیبلز کی بھرتی بھی منظور کی گئی ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق یکمشت تنخواہی پیکیج پر 36 ڈرائیورز بھی بھرتی کیے جائیں گے، جن کا تنخواہی پیکیج چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم سلیکشن بورڈ طے کرے گا۔تمام 332 افسران اور اہلکاروں کو ابتدائی طور پر 3 سالہ کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے گا۔
مزید برآں، ان بھرتیوں کے لیے کوئی اضافی فنڈز فراہم نہیں کیے جائیں گے اور تمام اخراجات موجودہ بجٹ سے ہی ادا کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان بھرتیوں سے پنجاب کی 36 ضلعی ٹرانسپورٹ اتھارٹیز میں عملے کی کمی کو پورا کیا جا سکے گا۔