ملک اشرف : سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کیخلاف تین سال پرانی توہین عدالت کی درخواست، لاہور ہائیکورٹ نے درخواست خارج کردی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے سائلہ عائشہ شبیر کی درخواست پر سماعت کی، ڈی ایس پی سبزہ زار سمیت متعلقہ پولیس افسران عدالت میں پیش ہوئے جبکہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر نے سی سی پی او لاہور کی جانب سے پولیس رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کوبتایا کہ درخواست گزار عائشہ شبیر کیخلاف ایک مقدمہ درج تھا، تاہم مدعی سے راضی نامہ ہونے کے بعد مقدمہ خارج کردیا گیا۔پولیس نے درخواستگزار خاتون کوہراساں نہیں کیا۔
پولیس رپورٹ میں بھی درخواستگزار کی جانب سے عائد ہراساں کرنے کے الزامات کی تائید نہیں کی گئی۔عدالت نے پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اس پر اطمینان کا اظہار کیا اور عائشہ شبیر کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔