ملک اشرف:یوٹیوبر رجب علی بٹ کی کمسن بیٹے سے ملاقات کے معاملے پر ہائیکورٹ نے رٹ درخواست نمٹا دی اور والد کو ملاقات سے متعلق انتظامات کی بحالی کے لیے گارڈین اور اپیلٹ کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
جسٹس عبہرگل خان نے نابالغ بیٹے سے ملاقات سے متعلق درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ والد کی شکایت کا معاملہ پہلے ہی گارڈین اور اپیلٹ کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے ہائیکورٹ نے 7 ستمبر کے گارڈین جج کے حکم کی معطلی کے معاملے میں مداخلت سے گریز کیا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ رجب بٹ اپنی تمام شکایات اپیلٹ کورٹ کے سامنے پیش کرسکتے ہیں، جبکہ بیٹے سے ملاقات کے انتظامات کی بحالی کے لیے بھی متعلقہ عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔
تحریری حکم میں ماتحت عدالتوں کو ہدایت کی گئی کہ والد کی درخواست پر قانون کے مطابق غور کیا جائے اور فیصلہ کرتے ہوئے نابالغ بچے کی فلاح اور بہترین مفاد کو مقدم رکھا جائے۔
رجب علی بٹ نے 7 ستمبر کے گارڈین جج کے حکم پر عمل درآمد کی استدعا کی تھی، جبکہ درخواست گزار نے 15 ستمبر کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کے حکم کو کالعدم قرار دینے کی بھی استدعا کی تھی۔
رجب بٹ نے اپنے کمسن بیٹے کیوان علی سے ملاقات کی اجازت کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے واضح کیا کہ والد ملاقات سے متعلق اپنی درخواست بھی متعلقہ عدالت کے سامنے رکھ سکتے ہیں، جہاں اس پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔