سٹی 42 : بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے سوئی میں مقامی لائبریری کا افتتاح کردیا، انہوں نے لائبریری کے لیے دو سو کتب کا قیمتی تحفہ دیا ۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ کتاب روشنی، شعور اور ترقی کی علامت ہے، مطالعے کا رجحان نوجوان نسل میں مثبت سوچ اور بہتر مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں اور لائبریریوں کے فروغ کو حکومت اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔
نوجوانوں کو کتاب سے دوستی کرنا ہوگی، یہی کامیابی کی کنجی ہے، نوجوان غیر مصدقہ سوشل میڈیا پر انحصار کے بجائے کتابوں سے علم حاصل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوئی سمیت بلوچستان بھر میں علم و تحقیق کے مواقع بڑھانے کے اقدامات جاری رہیں گے ۔
افتتاحی تقریب میں میر آفتاب خان بگٹی، ڈپٹی کمشنر زوہیب الحسن، چئیرمین ضلع کونسل وڈیرہ غلام نبی شمبھانی، چئیرمین میونسپل کمیٹی عزت امان بگٹی اور دیگر عمائدین شریک ہوئے۔