ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فوڈ اتھارٹی کی کامیاب کارروائی, 60 ہزار کلو ایکسپائر چکن اور فنگس زدہ مصالحے تلف

 فوڈ اتھارٹی کی کامیاب کارروائی, 60 ہزار کلو ایکسپائر چکن اور فنگس زدہ مصالحے تلف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے فیروز والا میں ایک کولڈ اسٹور پر کامیاب کارروائی کے دوران 60 ہزار کلو ایکسپائر ریڈی ٹو کک فروزن چکن، 400 کلو فنگس زدہ مصالحہ جات اور ناقابلِ استعمال سبزیاں تلف کر دی گئیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چھاپہ مارا، جہاں بدبودار اور مضر صحت چکن جس میں کڑاہی بوٹی، چکن تکہ بوٹی، فجیتا، کلیجی، گردن اور کباب شامل تھے، ضبط کر کے تلف کیے گئے۔

حکام کے مطابق ایکسپائر اور تازہ اسٹاک کو ایک ہی ریک میں بغیر کسی تفریق کے ذخیرہ کیا گیا تھا، جو کہ ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ کولڈ اسٹور کی حالت بھی انتہائی خراب تھی، جہاں مرے ہوئے چوہے بھی پائے گئے۔

مزید انکشاف ہوا کہ یہ ناقص میٹ اور مصالحہ جات معروف فوڈ چینز، مارٹس اور بڑے ریسٹورنٹس کو سپلائی کیے جا رہے تھے، جو کہ عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے تھے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ اگر تلف کیے گئے گوشت کو کھانے میں استعمال کیا جاتا تو یہ انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہو سکتا تھا۔

کارروائی کے دوران 6 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا ایکسپائر چکن تلف کیا گیا، جبکہ جعلسازی کرنے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔