ملک اشرف : اعلیٰ عدلیہ میں اقلیتوں سے ججز تعینات نہ کرنے کیخلاف درخواست، لاہور ہائیکورٹ نے درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ایڈووکیٹ نصیب مسیح کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت نے 2009 میں اقلیتوں کیلئےسرکاری محکموں میں پانچ فیصد کوٹہ مختص کیا تھا، تاہم اس پالیسی کے باوجود اعلیٰ عدالتوں میں اقلیتی برادری سے کسی جج کی تعیناتی نہیں کی گئی۔درخواستگزار کے مطابق آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 27 اور آرٹیکل 36 پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو رہا۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت حکومت کو اقلیتوں کیلئے علیحدہ میرٹ مقرر کرنے اور اُن میں سے ججز تعینات کرنے کا حکم دے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ یہ معاملہ عدلیہ کی آئینی حدود اور ججوں کی تقرری کے مخصوص طریقۂ کار سے متعلق ہے، جس میں عدالت براہِ راست مداخلت نہیں کر سکتی۔