سٹی 42 : آزاد کشمیر میں 25 سے 31 مئی تک شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ نیلم، مظفرآباد، جہلم ویلی، باغ، پونچھ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر متاثر ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 مئی سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کی تلقین کی گئی ہے۔
تمام اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک علاج مراکز قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اسپتالوں میں طبی عملہ، ادویات اور پانی کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ ا سکے علاوہ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور محکمہ جنگلات کو ہنگامی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایس ڈی ایم اے نے تمام اضلاع میں کنٹرول رومز فعال کرنے کا حکم دے دیا. تعلیمی اداروں کو بچوں کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ این جی اوز اور کمیونٹی تنظیموں کو ہیٹ اسٹروک آگاہی مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی گئی ہے، عوام کو پانی زیادہ پینے اور خود کو ہائیڈریٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک دھوپ میں نکلنے سے گریز کی تاکید کی گئی ہے۔ بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مزدوروں اور بیرونی کام کرنے والے افراد کیلئے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ کسانوں کو موسمی حالات کے مطابق زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مویشیوں کیلئے پانی اور سایہ کا مناسب انتظام رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔ شدید گرمی کے باعث غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کو ہیٹ اسٹروک کی علامات سے متعلق آگاہ رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔ پٹھوں میں کھچاؤ، متلی، چکر اور دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کو خطرناک علامات قرار دیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر حکومت نے شدید گرمی کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔