سٹی 42:سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ "فارم 47 کی پیداوار" جماعت آج کشمیر میں سیاسی ہمدردیاں سمیٹنے نکلی ہے، تاہم کشمیری عوام اسے پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں اور آئندہ بھی مسترد کریں گے۔
شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے سہارے اقتدار پر قابض جماعت کشمیری عوام کے حقوق کی علمبردار بننے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ اس کی اپنی سیاسی تاریخ عوامی مینڈیٹ کی توہین سے بھری پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو جماعت اپنے ہی صوبے کے عوام کو حقِ رائے دہی سے محروم رکھے، اسے کشمیری عوام کے حقوق پر سیاست کرنے کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح گلگت بلتستان کے عوام نے اس جماعت کو مسترد کیا، اسی طرح کشمیری عوام بھی اسے مسترد کر دیں گے۔
سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج بھی پنجاب کے لاکھوں شہری بہتر علاج اور طبی سہولیات کیلئے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں کا رخ کرتے ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوری اقدار، آئینی بالادستی اور حقیقی عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھتی ہے۔ ان کے بقول، پارٹی کی سیاست کا محور اقتدار نہیں بلکہ عوام کا اعتماد اور خدمت ہے، اور عوام ہر انتخاب میں جعلی مینڈیٹ کی سیاست کو مسترد کرتے رہیں گے۔