سٹی 42: متحدہ مدارس کونسل پاکستان نے مولانا فضل الرحمن کے پاک فوج اور شہداء سے متعلق بیانات سے اظہارِ لاتعلقی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مؤقف ان کی جماعت کا ذاتی اور سیاسی مؤقف ہے، جس کی نمائندگی دینی وفاق، مدارس یا متحدہ مدارس کونسل نہیں کرتے۔
متحدہ مدارس کونسل کے ترجمان ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فوج کے شہداء اور غازی قوم کے ہیرو اور باعثِ فخر ہیں، جبکہ ان کی قربانیوں کے خلاف کسی بھی قسم کا منفی بیانیہ ناقابلِ قبول ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ دینی مدارس، مساجد، علماء اور طلبہ کا ریاست مخالف سرگرمیوں یا قومی اداروں کے خلاف کسی مہم سے کوئی تعلق نہیں، اور مدارس، مساجد یا علماء کا نام سیاسی مہمات میں استعمال کرنا حقیقت کے منافی اور ناانصافی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کے دینی مدارس ہمیشہ ملک کی نظریاتی، فکری اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے مراکز رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام دینی وفاق، تعلیمی بورڈز اور مدارس پاک فوج، سلامتی کے اداروں، شہداء اور غازیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے خلاف کسی بھی مہم یا بیان کی حمایت نہیں کرتے۔