ویب ڈیسک:خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں کے انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہو گیا جس کیلئے 25 امیدوار میدان میں ہیں۔
سینیٹ کی 11 نشستوں کے لیے 145 ارکان ووٹ دیں گے، الیکشن کے لیے کے پی اسمبلی کے جرگہ ہال کو الیکشن روم مقرر کیا گیا ہے اور سینیٹ الیکشن کے لیے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور پیر نورالحق قادری پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں جبکہ خواتین کی نشست پر روبینہ ناز اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اعظم سواتی امیدوار ہیں۔
جنرل نشستوں پر مسلم لیگ ن کے نیاز احمد، پی پی پی کے طلحہٰ محمود اپوزیشن کے امیدوار ہیں اور جنرل نشست پر جے یو آئی ایف کے عطاء الحق بھی اپوزیشن کے امیدوار ہیں۔
خواتین کی نشست پر پی پی پی کی روبینہ خالد اپوزیشن کی امیدوار ہیں اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر جے یو آئی ف کے دلاور خان امیدوار ہیں۔
کے پی اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن کی تعداد 53 ہے، جنرل، ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشستوں پر 12 آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں جبکہ جنرل نشست پر ایک سینیٹر منتخب کرنے کے لیے 19 ووٹ درکار ہیں۔
خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کے دوران ہارس ٹریڈنگ سے بچنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں 6 اور 5 نشستوں کا فارمولا طے پایا ہے، فارمولے کے مطابق حکومت کے حصے میں 6 جبکہ اپوزیشن کے حصے میں 5 نشستیں آئیں گی۔
دوسری جانب پنجاب سے سینیٹ کی خالی نشست پرضمنی الیکشن جاری ہے ۔
الیکشن کمشنر پنجاب ریٹرننگ آفیسر کے فرائض انجام دیں گے، 371 کے ایوان میں سے 369 ارکان ووٹ ڈالنےکے اہل ہیں۔
مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر کی وفات کے بعد خالی نشست پر مسلم لیگ ن کے حافظ عبدالکریم امیدوار ہیں ۔
اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مہر عبدالستار امیدوار ہیں، 2 آزاد امیدوارخدیجہ صدیقی اور اعجاز حسین بھی میدان میں ہیں۔