ویب ڈیسک: آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت مختلف بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا آغاز ہو گیا ہے، جبکہ طویل خشک سالی کے بعد بارانِ رحمت کے نزول سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
بارش اور برفباری سے گرد و غبار کا خاتمہ ہو گیا اور فضائی آلودگی میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
مظفرآباد کے بالائی پہاڑی علاقوں پیرچناسی، کوہِ مکڑا اور کوہِ پیرہسی مار پر برفباری ہوئی، جس سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ اسی طرح بالا ئی وادی نیلم، گریس ویلی اور تاوبٹ میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ لیپہ ویلی، شیڑھ گلی اور ریشیاں کے پہاڑوں پر برف کے گالے روئی کے گالوں کی طرح برستے رہے، جس سے مناظر دیدنی ہو گئے۔
بارش اور برفباری کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے، جبکہ بیشتر بالائی پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ طویل عرصے سے جاری خشک سالی کے خاتمے پر شہریوں نے سجدۂ شکر بجا لایا اور بارانِ رحمت کو اللہ تعالیٰ کا خاص انعام قرار دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ مزید بارش اور برفباری بھی متوقع ہے۔