ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈولفن اور پی آر یو کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری، سینکڑوں ملزمان گرفتار

ڈولفن اور پی آر یو کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری، سینکڑوں ملزمان گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: ڈولفن فورس اور پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے دوران درجنوں خطرناک ملزمان اور سینکڑوں عادی مجرموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان ڈولفن فورس کے مطابق ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 2 موٹر سائیکلیں اور 2 موبائل فون برآمد ہوئے۔ اسی طرح ڈولفن سکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے 9 خطرناک ڈکیت گینگز کے ارکان کو بھی حراست میں لیا۔

رپورٹ کے مطابق دورانِ پٹرولنگ 43 اشتہاریوں سمیت 438 عادی مجرمان گرفتار کیے گئے، جبکہ مختلف مقدمات میں مطلوب 40 عدالتی مفروران کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔

کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 13 پستول، 2 رائفلیں، درجنوں گولیاں اور میگزینز برآمد کی گئیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا گیا، جن سے 10 بوتلیں شراب، چرس، آئس اور ہیروئین برآمد ہوئی۔

ترجمان کے مطابق دورانِ چیکنگ 112 مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں بند کیا گیا، جبکہ 634 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ 56 ون ویلنگ، 4 پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

ڈولفن فورس نے کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مختلف کارروائیوں کے دوران 137 سے زائد افراد کو ریسکیو بھی کیا، جن میں شہریوں کو بروقت مدد اور تحفظ فراہم کیا گیا۔