سٹی42: پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہو گئی ہے، جس کے پیشِ نظر موٹروے پولیس نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے متعدد موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ دوسری جانب فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث لاہور اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3 لاہور سے درخانہ اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد (عبدالحکیم تک) بھی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھنا ہے، کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ قومی شاہراہ پر سندر، مانگا منڈی، پھول نگر اور پتوکی کے علاقوں میں بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے، جہاں حدِ نگاہ صفر سے 100 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، جبکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات کو محفوظ سفری وقت قرار دیا گیا ہے۔ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں، آگے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ رہنمائی اور مدد کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 199 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔ کراچی میں بھی صبح سویرے دھند چھائی رہی اور فضائی آلودگی کی شرح 228 ریکارڈ ہونے کے بعد کراچی آلودہ شہروں میں تیسرے نمبر پر رہا۔