ویب ڈیسک: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کلیدی اہمیت حاصل ہے، پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے چین کے عزم کو سراہتے ہیں۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، ان کے ساتھ مفید بات چیت ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک سمیت پاک چین تعلقات سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، خطے کے امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، تمام اہم معاملات پر اتفاق رائے موجود ہے۔
ہم نے وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق بھی گفتگو کی، سی پیک فیز 2، عوامی سطح پر روابط اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہیں، سلامتی کونسل سمیت مختلف فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کے لیے پُرعزم ہیں۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنا قابل اعتماد اتحادی تصور کرتا ہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھائیں گے، سی پیک فیز ٹو پر بھی ملاقات میں تفصیلی گفتگو ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے منتظر ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط ہو رہی ہے۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف امور پر گفتگو ہوئی، شاندار میزبانی پر شکر گزار ہوں، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تعاون کریں گے، پاکستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں ،چینی وزیر خارجہ وانگ ژی
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی پیک کو ہائی کوالٹی تعاون میں لے کر جا رہے ہیں، صنعت، زراعت اور مائننگ کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے، تمام پہلوؤں پر ہمارا مؤقف یکساں تھا۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کی مشترکہ زیر صدارت اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کی سٹریٹجک ڈائیلاگ کا چھٹا دور منعقد ہوا۔
مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا، اس موقع پر سی پیک فیز ٹو، تجارتی و معاشی روابط، کثیرالجہتی تعاون اور عوامی روابط کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ نہ صرف دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے بھی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک دوطرفہ سطح پر اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی روابط اور تعاون جاری رکھیں گے تاکہ مشترکہ مفادات کے اہداف حاصل کئے جا سکیں۔