ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ٹی آئی نے کوئی معذرت نامہ جاری نہیں کیا، بیرسٹر گوہر کے بیان پر ترجمان کی وضاحت

PTI, May 9 attacks, City42
کیپشن: file photo
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

پاکستان تحریک انصاف  پی ٹی آئی نے کوئی معافی نہیں مانگی،  پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر  کے بیانات پر پی ٹی آئی نے وضاحتی بیان جاری کر دیا۔ اس بیان مین کہا گیا ہے کہ میڈیا نے بیرسٹر گوہر کے بیانات کو ٹھیک پیش نہیں کیا۔ (سٹی42 نے بیرسٹر گوہر کا وہ بیان اب تک شائع نہیں کیا جس کی ان کی پارٹی نے اب وضاحت جاری کی ہے۔)

ترجمان تحریک انصاف کنے بدھ کی رات اپنے بیان میں کہا ہے، " بیرسٹر گوہرکے میڈیا میں پیش کیےگئے بیانات حقائق کے برعکس ہیں، پارٹی کی جانب سےکوئی بیان یا معذرت نامہ جاری نہیں ہوا۔" 

پی ٹی آئی کےترجمان نے کہا, " پی ٹی آئی کا مؤقف وہی ہے جو  پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے ہمیشہ پیش کیا، پارٹی نے کسی دباؤ کے تحت معذرت نہیں کی، یہ تاثر غلط ہے۔"

ترجمان نے الزام لگایا، " پی ٹی آئی کے خلاف منفی پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پارٹی کا بیانیہ اور جدوجہد بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے مطابق ہے۔"

بیرسٹر گوہر نے پشاور میں کیا کہا تھا

پی ٹی آئی کے چئیرمین بیرسٹر گوہر خان نے آج پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کیں۔ اس  گفتگو  میں بیرسٹر گوہر نے کئی الزامات لگائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ خزاں میں اتنی تیزی سے پتے نہیں گرتے جیسے ہمارے اراکین نااہل کیے گئے۔ بیرسٹر گوہر نے یہ بھی الزام لگایا کہ 8 فروری 2024 کے الیکشن میں پی ٹی آئی  170 امیدوار کامیاب ہوئے تھے، ان میں سے نصف کو  قومی اسمبلی میں پہنچنے دیا گیا۔ بیرسٹر گوہر کے الفاظ تھے، "الیکشن میں ہم نے170 سیٹیں جیتیں، اسمبلی میں گئے تو91 سیٹیں تھیں،  اب ہمارے اراکین اسمبلی کی تعداد 76 ہے۔"

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا  جیل میں دہشت گرد کو بھی بنیادی حقوق ملتےہیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بنیادی حقوق نہیں مل رہے، بانی پی ٹی آئی جو فیصلہ کرتےہیں وہی ہمارا فیصلہ ہوتا ہے، ہم تحریک بھی چلائیں گے،کورٹس بھی جائیں گے، دیکھتے ہیں کب تک ریلیف ملے گا، ہماری کوشش جاری رہےگی۔

بیرسٹر گوہر نے 9 مئی  2023 کو ریاستی اداروں پر حملوں کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے کئی ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کے ارکان کو قید کی سزائیں ہونے اور ان کو نا اہل قرار دیئے جانے کے حوالے سے کہا، " خزاں میں اتنی تیزی سے پتے نہیں گرتے جیسے ہمارے اراکین نااہل کیے گئے۔ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں لیکن اب بس ہونا چاہیے۔"

بیرسٹر گوہر کی باتوں میں سے اس جملے کو بعض میڈیا آؤٹ لیٹس نے ہیڈ لائن بنایا،" ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں لیکن اب بس ہونا چاہیےـ" چیئرمین پی ٹی آئی کے اس جملے سے بعض مبصرین نے یہ معنی بھی نکالا کہ پی ٹی آئی کے چئیرمین 9 مئی 2023 کے واقعات پر معافی مانگ رہے ہیں۔

اب اس جملے سے لئے گئے تاثر کی پی ٹی آئی کے ترجمان نے تردید کر دی ہے اور کہا ہے کہ  " پی ٹی آئی کا مؤقف وہی ہے جو  پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے ہمیشہ پیش کیا، پارٹی نے کسی دباؤ کے تحت معذرت نہیں کی، یہ تاثر غلط ہے۔"
 

بیرسٹر گوہر نے سیلاب کے دوران عوام کو ریلیف دینے پر وفاقی حکومت کی تعریف کی

 پشاور میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا  کہ  بونیر میں سیلابی صورتحال کےدوران تعاون پر میں لوگوں اور حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ عوام کو ریلیف دینے کی بات ہے، اس پر سیاست نہیں کرتے، وفاقی حکومت کو بھی سراہتے ہیں، وہ بہت مدد کر رہی ہے۔