ضمنی انتخابات کے دوران جھگڑے، مسلم لیگ نون کا کارکن جاں بحق

By Election in Narowal, Deral Ismael Khan, Lahore, Election in Lahore, City42, Sunni Ittahad Counsel, Pakistan Muslim League Noon, PMLN, Election Symbol, Election Commission of Pakistan , City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: ضمنی انتخابات کی پولنگ کے دوران پنجاب میں جھگڑوں کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے جن میں مسلم لیگ نون کا ایک کارکن جاں بحق ہو گیا۔آج ضمنی انلیکشن کے دوران کئی  مقامات پر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان تصادم کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

نارووال میں ضمنی انتخاب کے دوران سنی اتحاد کونسل اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں سر پر ڈنڈا لگنے سے مسلم لیگ نون کا کارکن محمد یوسف جاں بحق ہو گیا۔ 

صوبائی اسمبلی کی نشست 139 شیخوپورہ میں پولنگ اسٹیشن کے باہر سنی اتحاد کونسل اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوا، مخالف کارکنوں نے ایک دوسرے کو مکےاور تھپڑ مارے جس کے باعث 3 افراد زخمی ہوئے۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑاگورنمنٹ بوائز ہائی اسکول گاؤں نظام پورڈاکاکے پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوا، جھگڑا انتخابی کیمپ لگانےکی جگہ کی وجہ سے ہوا، 2 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جھگڑےکے بعد پولنگ دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔

ادھر این 119 میں بھی سنی اتحادکونسل اور ن لیگ کےکارکنوں میں جھگڑا ہوا، تصادم پولنگ اسٹیشن نمبر 171 لاہور کالج میں ہوا، کارکنان نے ایک دوسرے کے گریبان پکڑ کر گھسیٹا۔ 

پولیس اہلکار جھگڑا کرنے والےکارکنوں کو اپنے کیمپ میں لےگئے اور جھگڑا ختم کروا دیا۔

الیکشن کمیشن کنٹرول روم کو 10 شکایات موصول

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے  الیکشن کمیشن میں قائم مانیٹرنگ کنٹرول روم کو متعدد شکایات موصول ہو گئیں۔ 

 ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن میں قائم مانیٹرنگ کنٹرو ل روم کو 10 شکایات موصول ہوئیں۔ شکایات  پولنگ میں تاخیر اور لڑائی جھگڑے سے متعلق تھیں۔ الیکشن کمیشن حکام نے  تمام شکایات کا بروقت ازالہ کر دیا۔

قومی اسمبلی کی 5 اور  صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ضمنی الیکشن

 یاد رہے کہ آج ملک بھر میں ضمنی انتخابات میں 5 قومی اور 16 صوبائی نشستوں پر 191 امیدوار مدمقابل ہیں۔ اہم نشستوں میں دو  لاہور میں ہیں جو وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ان کے کزن حمزہ نواز نے خالی کی ہیں۔ ایک اہم نشست این اے 44  ڈیرہ اسمعیل خان میں ہے جو پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خالی کی ہے۔ 

  ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ساڑھے 25 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔

قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہورہا ہے ان میں پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کا ایک حلقہ شامل ہے۔

صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12،خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2  نشستیں شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کی درخواست پروفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسزاور فوج تعینات کرنےکی منظوری دے دی ہے ۔پولیس سکیورٹی کے پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہل کار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیتے رہے۔