ویب ڈیسک : وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر جڑواں شہروں کے لیے جدید ٹرین منصوبے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
پاکستان میں جدید ٹرین منصوبے کے لئے جلد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے، منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو جدید سفری سہولت فراہم ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ۔ اس حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس منعقد کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس میں منصوبے کے روٹ، بزنس ماڈل اور ماحول دوست ٹیکنالوجی پر غور کیا گیا۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے اور پاکستان ریلویز جلد ایم او یو پر دستخط کریں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے جڑواں شہروں میں ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو جدید سفری سہولت فراہم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈر الیکٹرک بس سروس کو ٹرین سے منسلک کیا جائے گا تاکہ ٹرانسپورٹ کا مربوط نظام بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے میں بین الاقوامی معیار اور جدید تجربات کو مدنظر رکھا جائے گا تاکہ عوام کو بہترین سہولت فراہم کی جا سکے۔