( ریحان گل ) پی ٹی آئی کی حکومت کی ہائر ایجوکیشن میں عدم دلچسپی عروج پر پہنچ گئی، 2 سالہ دور حکومت کے دوران ہائر ایجوکیشن کے 9 سیکرٹریز تبدیل کر دئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اگست 2018 میں پی ٹی آئی کی حکومت وجود میں آنے سے اب تک حکومت کوئی پسندیدہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ہی تلاش نہ کر سکی ہے۔ دو سالہ دور حکومت کے دوران خالد سلیم، سارہ سعید، محمد محمود، عمران سکندر بلوچ، مومن آغا، ڈاکٹر راحیل صدیقی، ساجد ظفر ڈال، سارہ اسلم، ذوالفقار گھمن اور نعیم غوث کو سیکرٹری ہائر ایجوکیشن تعینات کیا جا چکا ہے۔
اب حکومت پنجاب نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی ارم بخاری کو تبدیل کرکے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن تعینات کردیا ہے۔ اسی طرح نادر چٹھہ کو سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ آفس تعینات کردیا گیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کے معاملات میں حکومتی عدم دلچسپی پر اکیڈمک ایسوسی ایشنز اور اساتذہ تنظیموں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔