(راؤ دلشاد حسین) حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کا 976 واں عرس، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے داتا دربار پر حاضری دی اور چادر چڑھائی، کہتے ہیں حکومت کشمیرکے مسئلے پر بھارتی عزائم کو بے نقاب کر رہی ہے۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے داتا دربار پر حاضری دی، مزار پر چادر چڑھائی اور نوافل ادا کیے، انہوں نے ملکی سلامتی و استحکام کیلئے دعا بھی کی، اس موقع پر صوبائی وزیر مذہبی امور پیر سید سعیدالحسن گیلانی، پیر سید ناظم حسین، ڈی جی اوقاف طاہر رضا بخاری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
گورنرپنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرے لئے داتا دربار پر حاضری بڑی سعادت کی بات ہے، برصغیر پاک و ہند میں جو اسلام پھیلا وہ انہیں بزرگان دین کی بدولت ممکن ہوا۔
ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہاکہ ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے کوئی بھی محب وطن دھرنا میں شامل نہیں ہوگا، سرحد پرکشیدگی ہے، بھارت کی کشمیر میں بربریت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے، اپوزیشن احتجاج نہیں کرنا چاہتی بغض معاویہ میں مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دے سکتی ہے۔
گورنرپنجاب نےکہاکہ جمہوریت میں کوئی قدغن نہیں ہوتی ،بولنے کی آزادی سب کا حق ہے، پاکستان میں مارشل لاء کی کوئی گنجائش نہیں اورنہ ہی امکان، گورنرپنجاب بولے اپوزیشن کے مطالبات غلط ہیں، لوگوں پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی، لوگوں کا جو دل کرتا ہے بات کرتے ہیں، کیا میرے چہرے سے لگ رہا ہے، میں بوکھلاہٹ کا شکار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاور فل مذاکرات کمیٹی بنائی ہے، اپوزیشن بھی دل سے اس دھرنےمیں شریک نہیں ہونا چاہتی، پرامن احتجاج سب کا حق ہے، لیکن ڈنڈا بردار جلوس پراعتراض ہے۔