(بابر شہزاد تُرک) وفاقی حکومت نے پولیس سروس آف پاکستان کے 6 افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کئے ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان حکومت میں تعینات، پولیس سروس گریڈ 20 کے نوید احمد نثار خواجہ کو تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد پولیس ملک جمیل ظفر کو تبدیل کر کے انکی خدمات گلگت بلتستان حکومت کے سپرد کی گئی ہیں، مزید برآں اسلام آباد پولیس میں تعینات، پولیس سروس گریڈ 18 کے ارسلان شاہزیب کو تبدیل کر کے انکی خدمات گلگت بلتستان حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔
دریں اثناء پولیس سروس گریڈ 20 کے ناصر مختار راجپوت کا نیشنل پولیس بیورو سے تبادلہ کر کے ان کی خدمات پاکستان ریلویز پولیس کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ پولیس سروس گریڈ 20 کے او ایس ڈی فصیح الدین کی خدمات خیبرپختونخوا حکومت کے سپرد کی گئی ہیں، مزید برآں، پنجاب حکومت میں تعینات پولیس سروس، گریڈ 19 کی زونیرہ اظفر کو تبدیل کر کے ان کی خدمات ایف آئی اے کے سپرد کی گئی ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر و تبادلوں کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔