ویب ڈیسک: ملک میں بدلتی علاقائی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں احتیاط برتیں جبکہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ ایندھن کی بچت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ ہدایات شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں جاری کی گئیں، جس میں ملک میں ایندھن کے ذخائر، کھپت اور آئندہ کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سید عاصم منیر، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر محمد عاصم ملک، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ تاہم مشرق وسطی اور خطے کی غیر یقینی صورتحال کے باعث آنے والے دنوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہو سکتا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاق اور صوبے مل کر ایک جامع حکمت عملی ترتیب دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ اجلاس میں کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ متعلقہ ادارے ان پر مسلسل کام کر رہے ہیں، جبکہ نگرانی کا عمل بھی جاری ہے۔
اعلامیے کے مطابق حکومت نے اشرافیہ پر زور دیا ہے کہ وہ آگے بڑھ کر سادگی اور قربانی کی مثال قائم کریں۔ ساتھ ہی عوام کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کار پولنگ کو فروغ دیں، اجتماعی سفر کو ترجیح دیں اور غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود رکھیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری کی پالیسیوں کے ذریعے نہ صرف وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہوتا ہے بلکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور ترسیل کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی بے ضابطگی کو بروقت روکا جا سکے۔