دورِ نایاب:لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے قواعد و ضوابط میں بڑی ترامیم کرتے ہوئے خواہشمند افراد اور ڈویلپرز کیلئے متعدد رعایات کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نئے قوانین کے مطابق سوسائٹی مالکان اب سوسائٹی کے باہر بھی قبرستان قائم کر سکیں گے، جس کیلئے ڈھائی کلومیٹر کی حدود مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ قبرستان کیلئے بفر زون سے ملحقہ اراضی مالکان سے این او سی حاصل کرنے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔
ایل ڈی اے نے سوسائٹی کی منظوری کے عمل کو بھی آسان بنا دیا ہے۔ نئے رولز کے تحت سوسائٹی کی منظوری کیلئے الگ مرکزی راستہ فراہم کرنا لازم نہیں ہوگا، جبکہ 15 فٹ چوڑی مین روڈ پر واقع اراضی ہونے کی صورت میں بھی منظوری ممکن ہوگی۔
کم آمدن طبقے کیلئے بھی خصوصی سہولتیں دی گئی ہیں۔ لو کاسٹ ہاؤسنگ سکیموں میں 15 فٹ چوڑی سڑکیں رکھی جا سکیں گی اور مین روڈ کی چوڑائی 100 سے 150 فٹ کے بجائے کم کر کے 50 فٹ کر دی گئی ہے۔
مزید برآں، نئے قوانین میں لینڈ لاک ہونے کی شرط ختم کر دی گئی ہے، جبکہ ایسی اراضی کے مالکان بھی مستفید ہو سکیں گے جو گزشتہ 20 سال سے ملکیت میں ہیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق سوسائٹی مالکان 7 فیصد گرین ایریا اور 2 فیصد قبرستان مختص کر کے فوائد حاصل کر سکیں گے، جبکہ پبلک یوٹیلیٹی سائٹس فراہم کرنے کی صورت میں بھی رعایات دی جائیں گی۔
یہ ترامیم ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور سوسائٹیوں کی منظوری کے عمل کو آسان بنانے کیلئے متعارف کرائی گئی ہیں۔