ویب ڈیسک: عیدالفطر کے موقع پر ریلوے نظام کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے حکام نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں، جبکہ باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ریلوے لاہور ڈویژن کے افسران کی چھٹیاں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ انعام اللہ کی ہدایات پر منسوخ کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر سیدہ مرضیہ زہرا نے باضابطہ طور پر احکامات جاری کیے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، عید کے دنوں میں تمام متعلقہ افسران کو ریلوے اسٹیشنز پر موجود رہ کر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہیں خاص طور پر ٹرین آپریشن کی نگرانی، مسافروں کی سہولت اور مجموعی نظام کی بہتری پر توجہ دینے کا کہا گیا ہے۔
مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ افسران ٹرینوں کی بروقت آمد و رفت کو یقینی بنائیں، ریلوے اسٹیشنز، واشنگ لائنز اور دیگر تنصیبات پر صفائی کے انتظامات کو بہتر رکھیں تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
اعلامیے کے مطابق یہ ڈیوٹیاں عید کے تینوں دنوں کے ساتھ ساتھ 23 مارچ تک جاری رہیں گی، تاکہ بڑھتے ہوئے مسافروں کے دباؤ کو مؤثر طریقے سے سنبھالا جا سکے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت پہلے ہی عید الفطر کے موقع پر 20 اور 21 مارچ 2026 کو سرکاری تعطیلات کا اعلان کر چکی ہے۔ تاہم اتوار (22 مارچ) کی عام تعطیل اور 23 مارچ کو یوم پاکستان کی چھٹی کے باعث سرکاری ملازمین کو مسلسل چار دن کی چھٹیاں میسر آئیں گی۔