دورِ نایاب: پاکستان میں واٹر سیکٹر کی بہتری، تحقیق اور ادارہ جاتی استعداد کار کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پی وان، ویلٹ ہنگر ہلفے اور آگاہی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
تقریب کے دوران واٹر سیکٹر میں قومی سطح پر روابط کے فروغ، تحقیق، علم کے تبادلے اور استعداد کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ مفاہمتی یادداشت پر ویلٹ ہنگر ہلفے کی پروگرام ہیڈ ازابیل، آگاہی کے منیجر واش وقاص طاہر، سید زاہد عزیز اور پی ایم ڈی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے دستخط کیے۔
اس موقع پر سید زاہد عزیز نے کہا کہ واٹر سیکٹر میں علم اور تحقیق کے فروغ کے لیے پی وان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تجربات اور جدید ماڈلز سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے بین الاقوامی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ معاہدے کے تحت واٹر سیکٹر میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، تکنیکی معاونت اور پائیدار ترقی کے اقدامات کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے مضبوط اداروں اور مؤثر شراکت داریوں کا قیام ناگزیر ہے۔
تقریب میں طاہرہ جبین، شاہد ابراہیم، عمیر بٹ سمیت مختلف اداروں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ اختتام پر معزز مہمانوں کو یادگاری تحائف بھی پیش کیے گئے۔