عابد چودہدری: کینٹ کچہری کے بخشی خانے سے عدالت میں پیشی کے لیے لائے گئے چار ملزمان فرار ہوگئے، تاہم پولیس نے تعاقب کے بعد ایک ملزم کو دوبارہ گرفتار کر لیا، جبکہ تین کی تلاش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کو کیمپ جیل سے عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا تھا۔ انہوں نے بخشی خانے کی گرل توڑ کر فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی۔ واقعے کے بعد کچہری میں سیکیورٹی کے انتظامات پر سوالات اٹھ گئے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے باوجود متعلقہ پولیس اور افسران نے بروقت کارروائی نہیں کی، جس کے باعث ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔
ادھر ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ان کے مطابق فرار ہونے والے چار ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی تین ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ فرار ملزمان کو کیمپ جیل سے عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا تھا اور انکوائری رپورٹ موصول ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔