سٹی42: وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت رمضان المبارک میں بڑھتی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس کے دوران کمشنر مظفرآباد بدر منیر نے وزیراعظم آزادکشمیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے، ساتھ ہی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کارگزاری رپورٹ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو مارکیٹوں کی روزانہ نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس کے دوران انتظامیہ کی جانب سے وزیراعظم کومہنگائی کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے انتظامیہ کو کہا کہ پرائس کنٹرول نظام کو مؤثر بنانے کیلئے سخت فیصلے کرنے ہیں ،محض اعلانات نہیں، عملی کارکردگی نظر آنی چاہیےعوام کو حقیقی اور فوری ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کرے ،گراں فروشی پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں ،عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔
اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری ظفر خان ، سینئیر ممبر بورڈ آف ریونیو نو ظفر خان تینوں ڈویژنز کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز صاحبان نے شرکت کی۔