(ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اور فوری اقدامات کر رہے ہیں،موجودہ حکومت کو سیلاب جیسی قدرتی آفت کا مقابلہ کرنا پڑا،غیر ضروری درآمدات میں کمی اور بر آمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے معروف بین الاقوامی مالیاتی فرم روتھ چائلڈ اینڈ کمپنی(Rothschild and Co) کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی،وفد کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اور فوری اقدامات کر رہی ہے،پاکستان کوموسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کا سامنا ہے،موجودہ حکومت کو گزشتہ حکومت کی بدانتظامی کا بھی سامنا ہے ،غیر ضروری درآمدات میں کمی اور بر آمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ تمام مشکلات کے باوجود حکومت شبانہ روز محنت سے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے کوشاں ہے۔
وفد نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو مستحکم کہتے ہوئے پاکستان کی با صلاحیت افرادی قوت کو اسکی اصل طاقت قرار دیا، وفد نے مزید کہا کہ پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج خطے کی بہتر کارکردگی کی حامل اسٹاک ایکچینجز میں سے ایک ہے. مزید برآں وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کے بارے آگاہی پیدا کی۔
ملاقات میں وزیرِ مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔