سٹی42: اڈیالہ جیل سے پی ٹی آئی کے بانی نے اپنے کارکنوں کے نام اہم پیغام بھیجا ہے، اس پیغام میں بانی نے کہا ہے کہ انصاف کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے ہیں، عوام اب سڑکوں پر نکلیں.
عوام اب سڑکوں پر آ کر آواز بلند کریں۔ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور ان کی بیوی بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ سے قیمتی سرکاری املاک غیر قانونی طریقہ سے حاصل کرنے کے مقدمہ توشہ خانہ ٹو کیس مین سترہ سال فی کس قید کی سزا آج سنائی گئی۔ یہ سزا سنائے جانے کے کئی گھنٹے بعد پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے ایک نیوز کانفرنس کی اور دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے پیغام بھیجا ہے کہ عوام اب سڑکوں پر نکلیں۔
سلمان اکرم راجہ کے ساتھ بانی کے وکیل سلمان صفدر موجود نہیں تھے جنہوں نے جیل میں فیصلہ سنائے جانے کے بعد اڈیالہ جیل والی سڑک پر میڈیا کے کیمروں کے سامنے بتایا تھا کہ بانی آج فیصلہ سننے کے وقت بالکل حیران نہیں ہوئے اور یہ کہ بانی نے اس فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا حکم دیا ہے،
سلمان صفدر کی بتائی ہوئی باتوں کے برعکس سلمان اکرم راجا نے اپنی پریس کانفرنس مین بتایا کہ بانی نے آج فیصلہ کے بعد یہ پیغام بھیجا ہے کہ عدالتوں میں بانی پی ٹی آئی کے کیسز نہیں سنے جارہے، عدالتوں کے دروازے بند ہو چکے ہیں۔ سلمان اکرم راجہ کے بقول بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ عوام اب سڑکوں پر آ کر آواز بلند کریں۔
اسلام آباد میں سلمان اکرم راجہ کے ساتھ پی ٹی آئی کے خیبر پختونخوا کے رہنما اسد قیصر پریس کانفرنس میں موجود تھے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا، ہم آج بانی پی ٹی آئی کے کیسز پر بات کریں گے۔ آج توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو اور ان کی اہلیہ کو نئی سزا ہوئی۔ کسی سرکاری افسر نے توشہ خانہ کے تحفوں کاخود سے تخمینہ لگایا۔ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ کئی ہفتوں سے تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا، آج صرف وکیل سلمان صفدر کو عدالت میں رسائی دی گئی۔ ان کے پاس سہولتیں بھی ناکافی ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا، ملاقات پر پابندی کے باعث بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے احتجاج کیا دھرنا دیا، رات کے وقت ان پر پانی پھینکا گیا، ہمارے وکلاء کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی کا سامنا ہے,بانی پی ٹی آئی کی منگل اور جمعرات کو ہونے والی ملاقاتیں بند کر دی گئی ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا، عدالتوں کے احکامات موجود ہیں جن میں کہا گیا تھا بانی پی ٹی آئی کو فئیر اور اوپن ٹرائل کا حق ملے گا۔
سلمان اکرم راجا نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس پی ٹی آئی کے بانی کا اپنے ھامیوں کے لئے پیغام ہے۔ سلمان اکرم راجا کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے آج کہا ہے کہ عوام کو اپنے حق کیلئے کھڑا ہونا پڑا گا۔ سلمان اکرم راجہ کے مطابق بانی نے یہ بھی کہا کہ انصاف کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے ہیں۔ عدالتوں میں بانی پی ٹی آئی کے کیسز نہیں سنے جارہے۔ عدالتی دروازے بند ہو چکے ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ عوام اب سڑکوں پر آ کر آواز بلند کریں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے اب عوام کے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔ بانی کا پیغام ہے کہ عوام اپنے حقوق کیلئے نکلیں۔
سلمان اکرم راجہا نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ وہ تمام اسیران بالخصوص خواتین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اپنے حقوق کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
سلمان اکرم راجا نے وضاحت کی کہ ان کی بانی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ، صرف وکیل سلمان صفدر کی عدالت میں فیصلہ سنائے جانے کے دوران بانی سے مختصر ملاقات ہوئی ہے۔
سلمان اکرم راجا نےالزام لگایا، جب فیصلہ سنایا جا رہا تھا تب نہ بانی پی ٹی آئی کو پیش کیا گیا نہ اُن کے وکلاء تھے۔
سلمان اکرم راجا نے یہ بھی کہا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے وہ اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ عوام کی آزادی لے کر رہوں گا یا پھر شہادت کیلئے تیار ہوں۔
سلمان اکرم راجا نے مزید کہا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کر دیں۔ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ اب ہمارے پاس اور کوئی آپشن نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا، بانی پی ٹی آئی اپنی اہلیہ کی قید پر بھی نالاں تھے۔ بشری بی بی کو ان کی اہلیہ ہونے پر جیل میں ڈالا گیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے الزام لگایا , توشہ خانہ کیس میں آج صرف جواب الجواب ہونا تھا، جج 60 صفحات کا لکھا ہوا فیصلہ لے کر آئے اور فورا سنا دیا۔" انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی کو 10 اور 7 سال قید کی سزا سنائی گئی تو یہ فیصلہ سناتے وقت وکیل صفائی اور ملزمان عدالت میں موجود نہیں تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ عمل غیر قانونی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا، یہ جھوٹ اور فریب پر مبنی نظام ہے۔ معیشت جامد، فیکٹریاں بند اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ 60 فیصد بچے اسکول سے باہر ہیں یہ قومی المیہ ہے۔ اب عوام کو خود کھڑا ہونا ہوگا۔ ہم اقتدار نہیں آئین، قانون اور انسانی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔