جنید ریاض :میٹرک سالانہ امتحان 2025 کے سلسلے میں امتحانی فرائض انجام دینے والے تمام اساتذہ کو معاوضوں کی ادائیگیاں کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری لاہور بورڈ کے مطابق امتحانی عملے کے تمام معاوضے متعلقہ اساتذہ کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔
سالانہ امتحان کے دوران مجموعی طور پر 16 ہزار اساتذہ نے امتحانی عملے کے طور پر خدمات انجام دیں، جن میں سے 10 ہزار سے زائد اساتذہ نگرانی پر مامور تھے جبکہ 5 ہزار سے زائد اساتذہ نے پیپر مارکنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں۔
حکام کے مطابق چیئرمین بورڈ نے گزشتہ روز امتحانی عملے کی ادائیگیوں کیلئے 28 کروڑ روپے کے فنڈز کے چیکس کی منظوری دی تھی، جس کے بعد فوری طور پر ادائیگیوں کا عمل مکمل کر لیا گیا۔
واضح رہے کہ اساتذہ کو مارچ میں امتحانات کے انعقاد کے بعد گزشتہ 7 ماہ سے معاوضوں کی ادائیگی کا انتظار تھا، جس پر اساتذہ کی جانب سے تحفظات کا اظہار بھی کیا جا رہا تھا۔ ادائیگیوں کی تکمیل پر اساتذہ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔