ویب ڈیسک: زندگی بھر قومی جذبے اور حب الوطنی کے اظہار سے واہگہ بارڈر کی پریڈ کو یادگار بنانے والے ایک معروف شہری انتقال کر گئے ہیں، جس سے علاقے میں افسوس کی فضا ہے۔
ان کی طویل عرصے کی خدمات اور پرجوش انداز نے انہیں عوامی سطح پر ایک منفرد پہچان دی تھی۔
واہگہ بارڈر پر روزانہ ہونے والی پریڈ کے دوران نعرے لگا کر شہریوں کا جوش و جذبہ بڑھانے والے محمد شفیق انتقال کر گئے۔
ذرائع کے مطابق وہ طویل عرصے سے جگر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ کچھ دنوں سے ایک نجی اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج تھے، جہاں ان کی حالت تشویشناک رہی۔
محمد شفیق 2002 سے مسلسل واہگہ بارڈر پریڈ میں شریک ہوتے رہے اور اپنی بلند آواز نعرہ بازی، ولولہ انگیز انداز اور مستقل موجودگی کی وجہ سے ایک پہچانا جانے والا چہرہ بن چکے تھے۔
وہ واہگہ بارڈر کے قریب جلو موڑ کے علاقے میں ایک بیکری میں ملازمت کرتے تھے اور کام کے بعد روزانہ پریڈ میں شرکت کو اپنی زندگی کا معمول بنا چکے تھے۔
ان کی میت آبائی علاقے جلالپور جٹاں، ضلع گجرات روانہ کر دی گئی ہے جہاں تدفین کی جائے گی۔ ان کے انتقال پر اہل علاقہ اور پریڈ میں آنے والے شہریوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔