علی ساہی:سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے سیف سٹیز اتھارٹی کا جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سیف سٹی کیمروں، ڈرونز اور ورچوئل پیٹرولنگ کے ذریعے صرف تین روز میں 1327 ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی 637 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 390 کو جرمانے جبکہ 146 کو وارننگز جاری کی گئیں۔
دھواں چھوڑنے والی 507 گاڑیوں کی بھی نشاندہی کی گئی۔ ان میں سے 406 گاڑیوں کے چالان کیے گئے جبکہ 29 کو وارننگ جاری کی گئی۔ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے 756 ای چالان بھی جاری کیے گئے۔
باربی کیو کے دھوئیں اور چمنیوں سے متعلق 120 خلاف ورزیوں کی نشاندہی ہوئی، جن میں سے 4 پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 100 کو وارننگ جاری کی گئی۔
ترجمان کے مطابق بھٹوں سے دھوئیں کے اخراج کے 54 کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔ ان میں سے 3 پر جرمانے کیے گئے، ایک بھٹہ سیل کیا گیا جبکہ 21 کو وارننگ جاری کی گئی۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے اور ویسٹ برننگ کے واقعات کی بھی سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔
ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں سمارٹ سیف سٹی سنٹرز کے ذریعے ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی جدید ٹیکنالوجی سے نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔