رانا آزر نور:پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کے دوسرے سیزن کا آغاز آج سے ہوگا، جبکہ پروگرام کی افتتاحی تقریب دوپہر ایک بجے ہوگی۔
افتتاحی میچ ایچی سن کالج اور بیکن ہاؤس لاہور کے درمیان قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ کا ٹاس دوپہر 1:30 بجے جبکہ میچ 2 بجے شروع ہوگا۔ چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا افتتاح کریں گے۔
افتتاحی میچ کے اختتام پر معروف گلوکار راحت فتح علی خان میوزیکل کنسرٹ میں پرفارم کریں گے، جبکہ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ اور شائقین کیلئے لکی ڈراز بھی نکالے جائیں گے۔
افتتاحی میچ اور میوزیکل کنسرٹ کیلئے قذافی سٹیڈیم میں شائقین کا داخلہ بالکل مفت ہوگا۔
پہلے ایڈیشن کی کامیابی کے بعد پی سی بی رواں سال سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بڑے پیمانے پر منعقد کر رہا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر سکول کرکٹ کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلا دیا گیا ہے۔
رواں سال ملک بھر کے 100 اضلاع کے ایک ہزار 4 سکولوں کے 21 ہزار سے زائد طلبہ پروگرام میں حصہ لیں گے، جبکہ سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت 2 ہزار 895 میچز کھیلے جائیں گے۔ ملک بھر کے مختلف علاقوں کے سکول اس پروگرام کا حصہ ہوں گے۔