اکمل سومرو: ایم اے او کالج کی تاریخ میں پہلی بار خاتون ٹیچر کو پرنسپل کا چارج سونپ دیا گیا، کالج میں تین سینئر مرد اساتذہ ہونے کے باوجود جونیئر ٹیچر کو پرنسپل تعینات کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم اے او کالج میں خاتون پروفیسر نے پرنسپل کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے، کالج کے مستقل پرنسپل ڈاکٹر ظفر جمال 16 اکتوبر کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو گئے ہیں۔ ایم اے او کالج میں اس وقت شعبہ اُردو کے ڈاکٹر جواز جعفری، شعبہ نفسیات کے ڈاکٹر غلام شبیر، شعبہ شماریات کے ڈاکٹر زاہد سینئر پروفیسر ہیں اور عرصہ دراز سے ایم اے او کالج میں ہی تعینات ہیں۔
محکمہ کی جانب سے ان سینئر پروفیسرز کو نظر انداز کر کے جونیئر خاتون ٹیچر کو پرنسپل کے عہدے کا چارج دے دیا گیا ہے، واضح رہے کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے خواتین اور مردوں کی سنیارٹی فہرستیں الگ الگ بنا رکھی ہیں اور مردوں کے کالجوں میں پرنسپل کے عہدے پر خواتین کو تعینات نہیں کیا جاتا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی اثر و رسوخ کی بناء پر شعبہ نفسیات کی ڈاکٹر میمونہ کو پرنسپل کا چارج دیا گیا ہے جس پر کالج کے مرد اساتذہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔