سابق وزیراعظم شہباز شریف سے سسٹر زیف کی ملاقات

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

‏راؤ دلشاد : سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے سسٹر زیف کی ملاقات ہوئی۔ 

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں ‏شہباز شریف نے پاکستان سے تعلق رکھنے والی سسٹر زیف کو  2023 کا گلوبل ٹیچر کا انعام جیتنے پر مبارک دی۔ ‏شہباز شریف نے سسٹر زیف اور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ ‏ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما شزا فاطمہ خواجہ اور رومینہ خورشید عالم بھی موجود تھیں۔ 

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ‏آپ نے پاکستان کا نام روشن کیا پوری قوم کو آپ جیسی بیٹی پر فخر ہے۔ ‏پاکستان کی ترقی کا راز تعلیم میں ہے،  ‏نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر سے آراستہ کر کے ہی پاکستان کو ترقی سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے، ‏بچوں اور بچیوں کی تعلیم، انہیں ہنر مند بنانا نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ہمیشہ سے اولین ترجیح رہی ہے۔ 

واضح رہے کہ ‏سابق وزیراعظم شہباز شریف نے سسٹر زیف کی شاندار کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے دعوت دی تھی۔ ‏ملاقات میں سکول نہ جانے والے بچوں، فروغ تعلیم اور تدریس کے شعبے کی بہتری کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

‏ سسٹر زیف نے شہباز شریف کی تعلیم اور ترقی کے لئے خدمات کو سراہا، انہوں نے کہا کہ ‏آپ نے فروغ تعلیم کے لئے پنجاب انڈاؤمنٹ فنڈ، دانش سکول، تعلیمی وظائف، ای بکس، آئی ٹی اور لیپ ٹاپ سکیمز کے ذریعے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ‏سسٹر زیف نے حوصلہ افزائی کرنے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‏آپ کی حوصلہ افزائی سے مزید جذبے سے قوم کی خدمت کروں گی۔ 

یاد رہے کہ ‏پاکستان کی سسٹر زیف کو 8 نومبر کو پیرس میں یونیسکو کی جنرل کانفرنس میں تقریب میں 2023 کا گلوبل ٹیچر پرائز دیا گیا۔