(سٹی24)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے منگل سے 26 مئی تک سندھ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان کے علاقوں میں انتہائی گرم موسم کی ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق کئی اضلاع میں درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرنے کا امکان ہے، جس سے گرمی سے متعلق بیماریوں اور ہنگامی حالات میں خدشات بڑھ سکتے ہیں۔سندھ میں حیدرآباد، کراچی، جیکب آباد، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، دادو، نوشہرو فیروز، کشمور، تھرپارکر، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، میرپورخاص، عمرکوٹ، بدین اور قمبر شہدادکوٹ میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے بلوچستان کے کئی اضلاع کی بھی نشاندہی کی جن میں تربت، سبی، اتھل، جھل مگسی، ڈیرہ مراد جمالی، نصیر آباد، جعفرآباد، اوستہ محمد، کچھی، لسبیلہ اور پنجگور شامل ہیں۔پنجاب میں بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، سرگودھا، لودھراں، خانیوال، وہاڑی اور لاہور میں اس دوران شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔
اتھارٹی نے متنبہ کیا کہ زیادہ درجہ حرارت کے ساتھ طویل نمائش پانی کی کمی، گرمی کی تھکن اور ہیٹ اسٹروک کا سبب بن سکتی ہے، خاص طور پر بچوں، بزرگ شہریوں اور آؤٹ ڈور ورکرز میں۔شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری بیرونی سرگرمیوں سے گریز کریں اور صحت کے خطرات کو کم کرنے کے لیے ہائیڈریٹ رہیں۔