ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سرکاری حج اسکیم: عازمین کیلئے خصوصی فوڈ پلان تیار،اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں

سرکاری حج اسکیم: عازمین کیلئے خصوصی فوڈ پلان تیار،اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عثمان خان:پاکستانی سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمینِ حج کیلئے خصوصی فوڈ پلان کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جن پر مجموعی طور پر 1086 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ اخراجات 14 کروڑ 48 لاکھ سعودی ریال سے تجاوز کر گئے ہیں۔

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار 210 عازمین کیلئے کھانے کا انتظام کیا گیا ہے، جن میں 41 ہزار 467 عازمین 22 روزہ جبکہ 77 ہزار 743 عازمین 40 روزہ حج پروگرام میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہر عازم کو روزانہ 36 سعودی ریال مالیت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 2700 روپے بنتا ہے۔ کم دورانیے کے ہر عازم کے کھانے پر مجموعی طور پر 792 سعودی ریال جبکہ طویل دورانیے کے عازمین پر 1440 سعودی ریال تک خرچ کیا جا رہا ہے۔

کم دورانیے کے عازمین کے کھانوں پر تقریباً 246 کروڑ روپے جبکہ طویل دورانیے کے عازمین پر تقریباً 839 کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ دوسری جانب پرائیویٹ حج اسکیم کے 60 ہزار عازمین کے کھانے کے اخراجات اس رقم سے الگ ہوں گے۔

سعودی عرب میں پاکستانی عازمین کو روزانہ تین وقت تازہ اور گرم کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ ناشتے میں پراٹھا، انڈے، چائے، حلوہ اور ٹوسٹ شامل ہیں، جبکہ دوپہر میں بریانی، قورمہ، دال، چاول اور سلاد دیا جا رہا ہے۔ رات کے کھانے میں چکن، سبزی، قیمہ، دال اور دیگر پاکستانی پکوان شامل کیے گئے ہیں۔

ہر کھانے کے ساتھ جوس یا لسی، پانی اور پھل بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق کھانے کی تیاری پاکستانی شیف اور تربیت یافتہ عملہ کر رہا ہے جبکہ صفائی، معیار اور غذائیت کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔

پاکستان حج مشن کی نگرانی میں روزانہ ہزاروں عازمین تک کھانا پہنچایا جا رہا ہے تاکہ انہیں مناسکِ حج کے دوران معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔