جنید ریاض: پنجاب بھر کے پرائیویٹ سکولوں میں پہلی سے پانچویں جماعت تک قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دیے گئے نصاب پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے محکمہ سکول ایجوکیشن کو درخواست دے دی گئی۔
درخواست پنجاب ممبر قرآن بورڈ اور صدر انجمن ناشران قرآن سید احسن محمود کی جانب سے سیکرٹری سکولز کو جمع کروائی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب قرآن پاک کی تعلیم کو لازمی مضمون قرار دینے والا پہلا صوبہ ہے، جہاں پہلی سے پانچویں جماعت تک ناظرہ قرآن جبکہ چھٹی سے بارہویں جماعت تک ترجمہ کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دی گئی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق سرکاری سکولوں میں اس قانون پر عملدرآمد جاری ہے، تاہم بیشتر پرائیویٹ سکولوں میں نہ تو ناظرہ قرآن کی تعلیم دی جا رہی ہے اور نہ ہی چھٹی سے آٹھویں جماعت تک ترجمہ قرآن پڑھانے کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔
سید احسن محمود نے درخواست میں مطالبہ کیا کہ تمام پرائیویٹ سکولوں میں قرآن پاک کے لازمی مضمون کی تدریس کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ کو یکساں دینی تعلیم فراہم کی جا سکے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک اہم معاملہ ہے اور اس حوالے سے جلد مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔