ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے ساتھ مسلح افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر

پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے ساتھ مسلح افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (احمد منصور)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا اور بلوچستان میں جاری سکیورٹی صورتحال اور پیشہ ورانہ تیاری کا جائزہ لیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کو اعلیٰ تربیتی معیار، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کی علامت قرار دیا، انہوں نے زور دیا کہ جدید جنگی تقاضوں، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ملٹی ڈومین آپریشنز کے ساتھ ہم آہنگ رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 انہوں نے افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ بدلتے ہوئے جنگی ماحول کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنایا جائے اور پیشہ ورانہ تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔

 دورے کے دوران انہوں نے بلوچستان میں تعینات افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے ساتھ مسلح افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈا، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے روکا نہیں جا سکتا، اور پراکسیز کے ذریعے ملک کی پیشرفت روکنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔

 فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کے لیے عوامی فلاح، جامع ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی سماجی و معاشی ترقی اور ریاستی رشتوں کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ آمد پر ان کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔